پاکستان
28 دسمبر ، 2015

بدین:پولیس نےاسپتال کی عمارت پر قبضہ کر لیا،تھانہ قائم

بدین:پولیس نےاسپتال کی عمارت پر قبضہ کر لیا،تھانہ قائم

بدین........بدین کے نواحی شہر نندو میں پولیس نےسرکاری اسپتال کی عمارت پر قبضہ کر کے تھانہ قائم کر لیا ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسپتال پر پولیس قبضے کے خلاف کی جانے والی تحریری شکایات ردی کی ٹوکری کی نذر ہو گئیں ۔

بدین میں ٹائون کمیٹی کا درجہ رکھنے والے نندو شہر میں سرکاری اسپتال کی عمارت پر پولیس نے لینڈ مافیا کا کردار ادا کرتے ہوئے قبضہ کر لیا ہے اور اسپتال کی عمارت کے کمروں میں دفاتر،اسلحہ خانہ،حوالات،مال خانہ،اور رہائش اختیار کر لی ہے۔

سرکاری اسپتال کی عمارت پر پولیس اسٹیشن کے بورڈ آویزاں کر دئیے گئے ہیں جبکہ اسپتال کے دروازے پر مسلح پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں جبکہ تھانے کے باہر بکتر بند گاڑی اور  مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی کھڑی کی ہوئی ہیں۔

اس سلسلے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمحمد خان سیال نے بتایا کہ سرکاری اسپتال پر جبری قبضہ کیا گیا ہے جس کے خلاف اعلیٰ حکام کو تحریری شکایات کر دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے ہر ایس ایس پی بدین ابرار حسین نیکوکارا نے بتایا کہ نندو شہر میں تھانے کی عمارت کی چھت کر گئی تھی جس کے باعث سرکاری اسپتال کی خالی عمارت میں عارضی طور پر تھانہ قائم کیا گیا ہے جیسے ہی تھانے کی چھت کی مرمت ہو جائے گی اسپتال خالی کر دیا جائے گا۔

مزید خبریں :