24 اپریل ، 2025
بلوچستان کے ضلع قلات میں امیری کے مقام پر پک اپ گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرا گئی، دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق ایک پک اپ گاڑی میں سوار 8 افراد قلات سے نواحی علاقے امیری جارہے تھے، جب وہ امیری کے قریب پہنچے تو سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی۔
دھماکے میں عبداللہ اور دو خواتین بی بی حسینہ اور گل بانو موقع پرجاں بحق جب کہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال قلات منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے مولانا عبداللہ جمعیت علماء اسلام ف کے مقامی رہنما بتائے جاتے ہیں۔