Time 24 اپریل ، 2025
پاکستان

بھارت نے سندھ طاس معاہدےکی معطلی سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کردیا

بھارت نے سندھ طاس معاہدےکی معطلی سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کردیا
فوٹو: فائل

بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی سیکرٹری آبی وسائل نے پاکستانی ہم منصب کو خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ بھارت سندھ طاس معاہدہ معطل کر رہا ہے، بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اطلاق فوری طورپر ہوگا۔

خیال رہے کہ 3 روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوگئے تھے۔

بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت نے گزشتہ روز پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے دریاؤں کے پانی کی تقسیم کے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے اعلان کیا تھا۔

آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ نئی دلی میں پاکستانی ناظم الامور کو جو ڈی مارش دیا گیا اس میں بھارتی حکومت کے تمام فیصلے لکھے گئے ہیں لیکن سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا کوئی ذکر نہیں۔

تاہم اب بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے پاکستان کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے۔

پاکستان نے  سندھ طاس معاہدہ معطل کرنےکا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیا  ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پانی پاکستان کا اہم قومی مفاد ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، پاکستان اپنی لائف لائن کا ہر قیمت پر تحفظ کرےگا، پاکستان کی ملکیت کے پانی کا بہاؤ روکا گیا یا پانی کا بہاؤ موڑا گیا تو اس کو اس جنگ کا اقدام سمجھا جائےگا۔


مزید خبریں :