28 مئی ، 2012
لاہور … پنجاب کے گورنر سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ نظام عدل مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، میثاق جمہوریت میں طے پایا تھا کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ سپریم کورٹ صرف عوام کے زیر التواء مقدمات سنے۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ چھوٹے میاں کے فرزند امریکا چلے گئے، بڑے میاں کے لندن میں ہیں، سونامی کے بیٹے بھی لاپتہ ہیں، یہ لوگ واپس آجائیں تو لاپتہ افراد کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی رولنگ چیلنج نہیں کی جا سکتی، امید ہے پارلیمنٹ سے تصادم کا ایک اور راستہ نہیں کھولا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عدل کرنا ہے تو نظام بدلنا ہوگا، نوازشریف ہر بات کر کے مْکر جاتے ہیں، وہ آئیں اور ملکروفاقی آئینی عدالت قائم کرنے کی کوشش کریں تاکہ آئین کی تشریح کے مقدمات سنے جاسکیں۔