28 مئی ، 2012
فیصل آباد … فیصل آبا د میں پولیس کے نجی ٹارچر سیل سے بازیاب ہونے والے 4 نوجوانوں کی کوریج کے دوران پولیس اہل کاروں نے جیونیوز کے کیمرہ مین فرحان چوہدری کو عدالت کے احاطے میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ عدالتی حکم پر سمن آباد پولیس کے نجی ٹارچر سیل سے بازیاب ہونے والے نوجوانوں کو سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر جیونیوز کے کیمرہ مین فرحان چوہدری بازیاب نوجوانوں پر پولیس تشدد کی فوٹیج بنا رہے تھے کہ اس دوران پولیس اہل کاروں نے ڈی ایس پی فیکٹری ایریا خالد انجم کی موجودگی میں جیونیوز کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے فرحان کی ناک پر چوٹ آئی، جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد دی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق فرحان چوہدری کی ناک کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا ہے۔ کیمرہ مین فرحان نے آج پولیس چوکی طارق آباد میں خاتون پر پولیس تشدد کی بھی کوریج کی تھی۔