پاکستان
28 مئی ، 2012

موجودہ حکومت بھی بلوچستان والوں کو ریلیف نہیں دے سکی،طلال بگٹی

موجودہ حکومت بھی بلوچستان والوں کو ریلیف نہیں دے سکی،طلال بگٹی

کوئٹہ…جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال بگٹی نے کہاہے کہ وزیر اعظم سپریم کورٹ سے سزا یافتہ ہیں اس لئے وہ انھیں وزیر اعظم تسلیم نہیں کرتے ،حکومت ناکام ہو چکی ہے وہ بھی ماضی کے حکمرانوں کی طرح بلوچستان والوں کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی۔ یہ بات انھوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران کہی۔طلال بگٹی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے کوئٹہ میں عدالت لگائی گئیں لیکن انھوں نے نواب اکبر بگٹی کے قاتلوں کی گرفتاری سے متعلق کوئی ایکشن نہیں لیا ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نواب بگٹی کے قاتلوں کی گرفتاری اور بگٹی مہاجرین کی دوبارہ آباد کاری کیلئے نوٹس لیں۔ انھوں نے بلوچستان کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستانیوں کی قسمت میں وہی اغوا نما گرفتاریاں،ٹارگٹ کلنگ،بم دھماکے اور پسماندگی ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت بھی بلند و بانگ دعوے کرتی رہی لیکن وہ بھی محض دکھا وا ثابت ہوئیں۔ انھوں نے کہاکہ میاں نواز شریف اس ملک اور اپنی پنجاب کی بادشاہت کو قائم رکھنے کیلئے فوری طور پر حالات کا ادراک کرتے ہوئے اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر افسوس کے سوا کچھ نہیں رہے گا۔انھوں نے کہاکہ ڈیرہ بگٹی ہمارا گھر ہے او ر دنیا کا کوئی قانون ہمیں نہیں روک سکتا بصورت دیگر ہم انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے رابطہ کرینگے۔

مزید خبریں :