دنیا
03 جنوری ، 2016

چین نے متنازعہ جزائر پر طیارہ اتارکر خلاف ورزی کی،ویت نام

چین نے متنازعہ جزائر پر طیارہ اتارکر خلاف ورزی کی،ویت نام

ہنوئی ........ ویتنام نے چین پر الزام لگایا ہے کہ اس نے متنازع بحیرہ جنوبی چین کے ایک مصنوعی جزیرے پر طیارہ اتار کرویتنام کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویتنام کی وزرات خارجہ نے کہاکہ چین نے بحیرہ جنوبی چین میں سپریٹلی جزائر کے سلسلے میں ناجائز طور پر اپنا ہوائی اڈہ بنایا ہے۔ ویتنام کا دعوی ہے کہ سپریٹلی جزائر کا سلسلہ ان کا حصہ ہے۔ادھر چین نے جواباًکہاکہ اسے ’فیئری کراس ریف‘ کے خطے پر مکمل خود مختاری حاصل ہے اور اس نے ایک غیر عسکری طیارے کو ہوائی پٹی پر اتار کر اس کے معیار کی جانچ کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنینگ نے کہاکہ ’چین نے پرواز کی مشق یہ جانچنے کے لیے کی تھی کہ آیا یہ ہوائی پٹی شہری ہوا بازی کے معیار کے مطابق ہے۔دوسری جانب امریکہ نے بھی پرواز پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان پوجا جھنجھن والا نے کہا کہ ایسے ’تمام دعویداروں کو متنازع علاقے میں عوامی طور پر زمین پر مزید دعووں، نئی تعمیرات، عسکری اور تمام متنازع اقسام کی چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہاکہ ہم تمام دعویداروں کی عملی طور پر اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں جس سے کہ علاقائی استحکام کو خطرہ ہو اور ایسے اقدام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں جس سے بامعنی سفارتی حل کے لیے ماحول سازگار ہو۔

مزید خبریں :