پاکستان
03 جنوری ، 2016

سانحہ صفورہ؛ تحقیقات کا دائرہ شام اور افغانستان تک پھیلایا جائیگا

سانحہ صفورہ؛ تحقیقات کا دائرہ شام اور افغانستان تک پھیلایا جائیگا

کراچی........سانحہ صفورہ کی تحقیقات کے دوران مزید کئی انکشافات ہوئے ہیں جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ شام، افغانستان، پنجاب اور اندرون سندھ تک پھیلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے کچھ لڑکے شام جاچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سانحہ صفورہ کی تحقیقات کے دوران اہم انکشافات ہونے کے بعد تحقیقات کا دائرہ شام، افغانستان، پنجاب اور اندرون سندھ تک پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں حساس اداروں، ایف آئی اے اور انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ تحقیقاتی ذرائع بتاتے ہیں کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے کچھ لڑکے شام جاچکے ہیں۔

تحقیقات کے دوران سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے انتہائی اہم دستاویزات حاصل کر لی ہیں جبکہ اندرون سندھ اور پنجاب میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک سانحہ صفورہ میں براہ راست ملوث گرفتار دہشت گردوں کی تعداد 10ہوگئی ہے، حالیہ گرفتاریوں میں عبداللہ منصوری، مستری پٹھان، حافظ عمر، طیب اور دائود شامل ہیں جبکہ تین دہشتگرد محمود، شرمیلا پٹھان اور علی رحمان عرف ٹونا تاحال فرار ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو اسلحہ اور فنڈ فراہم کرنے والوں میں سے بھی دو ملزمان شبلی اور نعیم کارپٹ والا گرفتار کیے جاچکے ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد زاہد موتی والا کی گرفتاری باقی ہے۔ دیگر گرفتار سہولت کاروں میں پی آئی اے کے انجینئر خالد یوسف باری سمیت 5 افراد شامل ہیں۔

مزید خبریں :