07 جنوری ، 2016
واشنگٹن........امریکا میں مقیم بوسنیا کی تارک وطن خاتون کو داعش اور القاعدہ کی مالی معاونت کرنے کے جرم میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یاسمین کارامس پر گزشتہ سال ستمبر میں دہشت گردوں کی اعانت کرنے کا اعتراف کیا تھا اور منگل کو انھیں سینٹ لوئس کی عدالت میں سزا سنائی گئی۔یاسمین نے جج کیتھرین پیری کے سامنے شکستہ انگریزی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک غلطی کی ہے میں مانتی ہوں کہ میں نے ایسا کچھ کیا جو کہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔
مذکورہ بالا خاتون پر دیگر 6 بوسنیائی تارکین وطن سمیت گزشتہ سال فروری میں شام و عراق میں دہشت گردوں کی اعانت کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ان کے وکیل جے کرسٹین گوئیکے کا کہنا تھا کہ یاسمین کا اس معاملے میں کوئی بڑا کردار نہیں تھا۔