09 جنوری ، 2016
نئی دہلی......دہلی یونیورسٹی میں متنازع رام مندر سے متعلق دو روزہ سیمیناررکھنے پر طلبہ اوراساتذہ مشتعل ہو گئے جنہوں نے یونیورسٹی کے باہر کھل کر مظاہرہ کیا۔ احتجاج کو روکنے کیلئے پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔
طلبہ اور اساتذہ نے دہلی یونیورسٹی میں رام مندر سیمینار کے انعقاد کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیر نصابی سرگرمیاں یونیورسٹی میں نہیں ہو نی چاہئیں۔ احتجاج روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
سیمینار میں بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے بھی خطاب کیا۔ اس سے قبل ایک بیان میں سبرامنیم سوامی کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی کے تعاون سے ایودھیا میں رام مندرکی تعمیر 2016 ءکے آخر میں شروع کر دی جائے گی۔