09 جنوری ، 2016
کراچی......افضل ندیم ڈوگر...... جاپان کی حکومت نے خسارے میں چلنے والا ایک ریلوے اسٹیشن ہائی اسکول کی صرف ایک طالبہ کی خاطر مزید تین ماہ تک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اِدھر دو کروڑ سے زائد آبادی کے شہر کراچی میں عوام کی سہولت کے لئے حکومت ایک عرصے سے سرکلر ٹرین چلانے میں دلچسپی نہیں لے رہی اور نہ ہی شہریوں کی سہولت کے لئے ٹرانسپورٹ کے ذرائع بہتر کر رہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے صوبہ ہکائیدو کے دور دراز گاؤں اینگارو میں کچھ عرصہ قبل علاقے کے عوام کی ضرورت کے تحت کامی شیرا تاکی ریلوے اسٹیشن قائم کیا گیا تھا، وقت کے ساتھ ساتھ یہاں کی آبادی کم ہوتی گئی اور اس ریلوے اسٹیشن سے مسافروں کی آمدورفت انتہائی ختم ہو کر رہ گئی، یہاں تک کہ اس علاقے سے ٹرین کے ذریعے سامان کی نقل و حمل بھی صفر ہوگئی ،یوں یہ اسٹیشن خسارے میں چلنے لگا۔
جاپان ریلوے نے تین سال قبل یہ اسٹیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا جس کے لئے متعلقہ انتظامی عہدیداروں کی میٹنگ طلب کی گئی، ریلوے حکام نے اس اسٹیشن کی کارکردگی رپورٹ میں اس اسٹیشن سے صرف ایک طالبہ کے مسافر ہونے کی رپورٹ پیش کی جو صبح کی ٹرین سے ہائی اسکول جاتی ہے اور شام ساڑھے سات بجے کی ٹرین سے واپس گھر آتی ہے۔
اجلاس کے تمام شرکا کے لئے یہ لمحہ فکریہ تھا کہ اسٹیشن بند کرنے سے گاؤں کی اس اکلوتی طالبہ یا ٹرین کی اکیلی مسافر کی تعلیم کا کیا ہوگا؟ جس پر بورڈ نے بچی کے ہائی اسکول کی تعلیم مکمل ہونے تک اسٹیشن بحال رکھنے کا فیصلہ کیا۔
جاپان ریلوے بورڈ نے اس سلسلے میں جاپان حکومت کے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تو جاپان حکومت نے بھی ناصرف اس فیصلے کی توثیق کردیبلکہ ٹرین کا ٹائم ٹیبل بھی اس طالبہ کے آنے جانے کے شیڈول کے مطابق کردیا، جس کے بعد سے اس اسٹیشن پر ٹرین اب دن میں صرف دو بار رکتی ہے۔
ریلوے حکام کی رپورٹ کے مطابق اس اسٹیشن کی اکلوتی مسافر طالبہ کی گریجویشن مکمل ہونے تک یہ ریلوے اسٹیشن بھی برقرار رہے گا۔ ریلوے حکام کے مطابق طالبہ کا ہائی اسکول اس سال مارچ میں مکمل ہوجائے گا، فیصلے کے مطابق ٹھیک تین ماہ بعد کامی شیرا تاکی ریلوے اسٹیشن کی سروسز بھی معطل کردی جائیں گی۔
جاپان ریلوے اور حکومت جاپان کے اس عمل کا ان دنوں جاپان میں انٹرنیٹ پر بہت چرچا ہے، جاپان کے لوگ تعلیم کے لئے اپنی حکومت کے اس عمل کی تعریف کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک بلاگ میں ایک شہری نے کہا ہے کہ میری حکومت اپنی عوام کے لے اتنا کچھ کر رہی ہے وہ اس ملک کے لئے جان دینے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کرے گا۔