30 مئی ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت آئندہ بجٹ میں سادگی کو اپناتے ہوئے عوامی ترقی اور مسائل کے حل کو یقینی بنائے۔ ماڈل ٹاوٴن لاہور میں مسلم لیگ ن کااجلاس ہوا، جس میں صوبائی بجٹ کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوٴں کے ساتھ مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر رہنماوٴں نے شرکت کی۔ نواز شریف نے اجلاس میں پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں حکومتی اخراجات کم کرکے پسماندہ علاقوں کی ترقی، صحت، تعلیم اور دیگر منصوبوں کو اولیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی اقتصادی پالیسی کا فلسفہ سرکاری وسائل سے عوامی مسائل کو حل کر کے خوشحال معاشرے کا قیام ہے۔