دنیا
30 مئی ، 2012

لندن: عدالت نے جولین اسانج کی ملک بدری کیخلاف اپیل مسترد کردی

لندن: عدالت نے جولین اسانج کی ملک بدری کیخلاف اپیل مسترد کردی

لندن … برطانوی عدالت نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی ملک بدری کی اپیل مسترد کردی، جولین اسانج جنسی زیادتیوں کے الزام میں مقدمہ ہار گئے۔ برطانوی عدالت میں اسانج کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے جج کا کہنا تھا کہ 5 میں سے 2 افراد نے ملک بدری کی مخالفت کی جبکہ 3 جج اس کے حق میں تھے اس طرح فیصلہ اسانج کے خلاف ہوا۔ تاہم اسانج کے وکلاء کی ٹیم کو یہ حتمی فیصلہ 14 دن بعد سنایا جائے گا تاکہ مزید سماعت نہ کی جاسکے۔ جولین اسانج جو آجکل ضمانت پر برطانیہ میں رہ رہے ہیں انہوں نے سینٹرل لندن میں ہونے والی اس کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔ یاد رہے کہ جولین اسانج پر جنسی زیادتیوں کا الزام ہے اور اس کے متعلق مزید تفتیش کیلئے انہیں سوئیڈن کے حوالے کیا جانا تھا مگر انہوں نے ملک بدری کے خلاف برطانوی سپریم کورٹ میں اپیل کر رکھی تھی۔ واضح رہے کہ 40 سالہ جولین اسانج پر گزشتہ برس اگست میں سوئیڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں 2 سوئیڈش خواتین پر جنسی تشدد کرنے کے الزامات ہیں جن سے وہ انکار کرتے رہے ہیں۔ جولین اسانج کی ویب سائٹ وکی لیکس پر اہم اور حساس نوعیت کے امریکی اور دیگر دستاویزات کی اشاعت کے بعد یہ ویب سائٹ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئیں تھی۔

مزید خبریں :