30 مئی ، 2012
پشاور … چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر ایف آئی اے نے مردان کے علاقے سرہ ڈھیری سے 2مغوی بچوں کو بازیاب کرالیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق صوابی کے رہائشی شوکت علی اپنے بچوں کو بیوی کی اجازت کے بغیر کرغز ستان سے پاکستان لایا تھا، شوکت کی بیوی بچوں کی تلاش میں پشاور پہنچی اور پشاور ہائی کورٹ میں بچوں کی بازیابی کیلئے رٹ دائر کردی۔ چیف جسٹس نے پولیس کو بچوں کی بازیابی کا ٹاسک سونپ دیا۔ پولیس کی ناکامی پر یہ ٹاسک ایف آئی اے کے سپرد کردیا گیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے مردان کے علاقے سرہ ڈھیری میں شوکت علی کی بہن کے گھر سے دونوں بچوں کو بازیاب کرلیا۔ دونوں بچوں کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔