31 مئی ، 2012
کراچی… ڈالر کے مقابلے روپے کی کم ترین سطح نے اقتصادی سروے جاری ہونے سے پہلے ہی ملکی کمزور معیشت کا کٹھا چٹھا کھو ل دیا اور انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 94 روپے کی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ فاریکس مارکیٹ ڈیلر ز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی طلب کا زور برقرار رہا اور اور ٹریڈنگ کے آغاز پر ڈالر 94 روپے کی سطح پر دیکھا گیا لیکن بعد میں ڈالر کی طلب میں کمی آنے کے باعث یہ کم ہو کر یہ 93 روپے 70 پیسے کی سطح پر آگیا۔ اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 94 روپے سے بھی تجاوز کر گیا اور یہ 94 روپے 50 پیسے کی سطح پر فروخت ہوتے دیکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق رواں سال ملکی معیشت پر غیر ملکی وصولیوں کے مقابلے میں ادائیگیوں کا حجم 4 ارب ڈالر زیادہ رہنے کا خدشہ ہے جس کے باعث روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہو رہا ہے۔