دنیا
17 جنوری ، 2016

امریکا،یورپی یونین، یواین کا ایران پر عائد پابندیاں اُٹھانے کا اعلان

امریکا،یورپی یونین، یواین کا ایران پر عائد پابندیاں اُٹھانے کا اعلان

ویانا......عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی پاسداری کی ہیں، امریکا، یورپی یونین اور اقوام متحدہ نے ایران پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کردیا ،امریکی وزیر خا رجہ کے مطابق اب ایران پر عالمی تجارت کے دروازے کھل گئے۔

سربراہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مطابق ایران نے معاہدے کے تحت ایٹمی سرگرمیاں ختم کردیں،جس کے بعد ایران پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ایران پر عائد عالمی پابندیاں آج ختم کئے جانے کا اعلان کردیا گیا، بین الاقوا می اٹامک انرجی ایجنسی نے اپنی رپورٹ گورننگ بورڈ اور سلامتی کونسل کو بھیجی، جس میں بتایا گیاکہ ایران نے معاہدے کی کتنی پاسداری کی ہے جس کے بعد ایران پر عائد پابندیاں ختم کیے جانے کا اعلان کیاگیا ہے۔

گزشتہ سال جولائی میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان تاریخی جوہری معاہدہ طے پایا تھا، تاہم امریکی کانگریس اور اسرائیل کی جانب سے اس معاہدے پر کھل کر تنقید کی گئی تھی۔امریکہ، ایران اور یورپی یونین جوہری معاہدے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ویانا میں ملے ،جہاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہناتھا کہ ’ آج کے دن ہم دنیا پر ثابت کر دیں گے کہ پابندیوں، دباؤ اور دھمکیوں سے نہیں بلکہ باہمی احترام اور بات چیت سے مسائل حل ہوتے ہیں۔‘

دوسری جانب ایران نے امریکہ اور ایران کی دوہری شہریت کے حامل چار قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ،ان قیدیوں کی شناخت نہیں ظاہر کی گئی تاہم یہ اطلاعات ہیں کہ ان میں واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جیسن رضایان بھی شامل ہیں جن کو گذشتہ سال جاسوسی کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔

پابندیاں اٹھانے کے بعد ایران اربوں ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے حاصل کر نے کے ساتھ عالمی منڈی میں تیل بھی فروخت کر سکے گا۔جوہری معاہدے کے تحت ایران نے اپنی جوہری سرگرمیوں کو کم کرنے پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد اُس پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی کردی جائےگی۔

مزید خبریں :