18 جنوری ، 2016
کراچی .....کراچی میں ایک مرتبہ پھر ایک نوجوان پولیس کی غفلت کا شکار ہوگیا۔ گزری میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار نوجوان، زخمی ہو گیا، واقعے میں ملوث دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
گزشتہ رات گزری خیابان تنظیم میں پہلے پولیس کی جانب سے مقابلے میں ایک ملزم کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ، پولیس نے دعویٰ کیا کہ زخمی ہونے والا شخص، اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
تاہم واقعے کے کچھ دیر بعد پولیس کا مؤقف، تبدیل ہو گیا اور کہا گیا کہ نوجوان شہریار کو غلطی سے گولی لگ گئی، فائرنگ میں ملوث 2 پولیس اہلکاروں حمزہ اور مدثر کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ۔
شہریار کے دوست نے بتایا کہ وہ الگ الگ موٹر سائیکلوں پر سی ویوجارہے تھے،پولیس کے روکنے پر باقی لڑکے رک گئے مگر شہر یار آگے نکل گیا ۔
فائر کرنے والے اہلکار حمزہ کا کہنا ہے کہ گولی غلطی سے چل گئی اور اس نے براہ راست فائر نہیں کیا ۔واقعے میں زخمی نوجوان شہریار جناح اسپتال کے نیورو سرجری وارڈ میں زیر علاج ہے ، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے۔