31 مئی ، 2012
کراچی… اسٹیٹ بینک کے گورنر یاسین انور نے کہا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ حقیقت پسندانہ نہیں ، معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان کو ایسی صورت حال درپیش نہیں کہ ہنگامی طور پر بیرونی امداد کی ضرورت پڑے۔ کراچی سے جاری ہونے والے بیان میں گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کو ادائیگیوں میں کوئی مشکل نہیں ہوگی، مالیاتی خسارہ اور بیرونی فنانسنگ کا فقدان خاص طور پر مرکزی بینک کے لیے دشواریوں کا باعث بنا ہوا ہے تاہم مالیاتی خسارہ 8 فی صد ہوجائے ایسا نہیں ہوگا۔ یاسین انور نے اس تاثر کو زائل کیا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر اور ایکس چینج ریٹ پر دباوٴ ہے ، ان کا کہنا تھا کہ جو مشکلات ہوں گی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے، ز رمبادلہ کے ذخائر میں کمی ترسیلات زر سے بہتر ہوجائے گی ، رواں مالی سال دس مہینوں میں ترسیلات زر میں 20 فی صد اضافہ ہوا ہے اور یہ 10 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔ معاشی ترقی کی شرح 3.7 فی صد رہے گی اور افراط زر کی شرح یک ہندسی، یعنی 10 فی صد سے کم ہوجائے گی۔