پاکستان
20 جنوری ، 2016

باچاخان یونیورسٹی حملہ،پروفیسر سمیت 15افرادشہید،50 زخمی

باچاخان یونیورسٹی  حملہ،پروفیسر سمیت 15افرادشہید،50 زخمی

چارسدہ…خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر درس گاہ کو نشانہ بنایا ہے، حملہ آوروں نے باچا خان یونیورسٹی پر حملہ کرکے یونیورسٹی کے پروفیسر سمیت15 کو شہید کردیا، حملے میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے۔

باچا خان یونیورسٹی میں معمول کے مطابق تدریسی عمل جاری تھا اور طلبا و طالبات حصول علم میں مصروف تھے کہ صبح ساڑھے نو بجے کے قریب دہشت گرد وں نے یونیورسٹی میں داخل ہوکر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کے پروفیسر ڈاکٹر حامد، دو طالبات ، یونیورسٹی کے 4گارڈز اور پولیس اہلکار سمیت 15افراد شہید اور 50زخمی ہوگئے، حکام نے جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

یونیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر فضل رحیم کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں دو لڑکوں اور ایک لڑکیوں کا ہاسٹل ہے، یونیورسٹی کے اندرموجود اسٹاف سے رابطہ ہے، یونیورسٹی میں 3 ہزار سے زائدطلبہ و طالبات ہیں جبکہ مشاعرے کیلئے 600 مہمان بھی آئے ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ مطابق پاک فوج کے کمانڈوز نے یونیورسٹی کے ایک بلاک میں چھپ کر فائرنگ کرنے والے مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور گیسٹ ہائوس کے راستے یونیورسٹی میں داخلے ہوئے، پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد6سے '8کے درمیان ہے۔

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چارسدہ منتقل کردیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ شدید زخمیوں کوپشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی بیشتر طالب علم ہیں۔

مزید خبریں :