31 مئی ، 2012
کراچی … ارکان سندھ اسمبلی نے صدر سے بیورو کریسی اور اپنے وزراء کے تعاون نہ کرنے کی شکایت کی ہے، صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس بلاول ہاوٴس میں ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ شریک نہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی نے بیوروکریسی کے رویے کے خلاف شکایات کیں۔ ارکان کا کہنا تھا کہ ہمارے جائز کام نہیں ہوتے، بیورو کریسی رکاوٹیں پیدا کررہی ہے جبکہ منتخب ارکان سے صوبائی وزراء کا رویہ ٹھیک نہیں ہوتا، ہمارے وزراء ہی ہمارے کاموں میں ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں، جس پر صدر نے منتخب ارکان کی شکایت کا جائزہ لینے کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی میں ارکان سندھ اسمبلی جام تماچی، انور مہر، ڈاکٹر سکندر میندرو اور جام مہتاب ڈہر شامل ہیں۔ کمیٹی وزراء سے متعلق شکایات کا جائزہ لیکر صدر مملکت کو تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں نوازشریف کی پھیلائی ہوئی ہیں، سندھ کے معاملے پر ایم کیو ایم کا موٴقف واضح ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہیں، ایم کیو ایم والے دوست ہیں آئندہ بھی ساتھ چلیں گے۔