31 مئی ، 2012
کراچی … کراچی میں اساتذہ پھر طلبہ کے زیر عتاب ہیں، جہاں داوٴد انجینئرنگ کالج میں نقل نہ کرانے پر خاتون استاد پر تشدد کیا گیا، جس کے خلاف اساتذہ نے احتجاجاً امتحانات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ انتظامیہ نے تاحکم ثانی کالج بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔ داوٴد انجینئرنگ کالج میں ایک طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے نقل روکنے پر اساتذہ پر تشدد کیا، واقعے کے بعد اساتذہ نے امتحانات کا بائیکاٹ کردیا۔ اساتذہ کے مطابق طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے کالج کی لیڈی ٹیچر کو گلاس مارا جس سے ان کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔ رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور کالج کو خالی کرایا۔ استاد پر تشدد کے خلاف کالج کے باہر اساتذہ نے احتجاج کرتے ہوئے جیو نیوز کو بتایا کہ منگل کو صبح بھی 30 سے 40 لڑکوں نے کالج میں گھس کر اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ مرد اساتذہ کے ساتھ اب خاتون اساتذہ بھی محفوظ نہیں۔ اساتذہ نے بتایا کہ چند نام نہاد طلبہ کافی عرصے سے اساتذہ کو دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔