پاکستان
31 مئی ، 2012

قطع تعلق آپشن نہیں، سلالہ حملے نے تعلقات پر نظر ثانی پر مجبور کیا، صدر

قطع تعلق آپشن نہیں، سلالہ حملے نے تعلقات پر نظر ثانی پر مجبور کیا، صدر

کراچی … صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو توانائی بحران کا احساس ہے، بجلی کی کمی کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ دفاعی کمیٹی نے نیٹو سپلائی پر مذاکرات جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی ہیں، عالمی برادری سے قطع تعلق جمہوری آپشن نہیں، سلالہ حملے نے تعلقات پر نظر ثانی پر مجبور کیا۔ صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس بلاول ہاوٴس میں ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ شریک نہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی نے بیوروکریسی اور وزراء کے رویے کے خلاف شکایات کیں۔ جس پر صدر نے شکایت کا جائزہ لینے کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی وزراء سے متعلق شکایات کا جائزہ لیکر صدر مملکت کو تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی باتیں نوازشریف کی پھیلائی ہوئی ہیں، سندھ کے معاملے پر ایم کیو ایم کا موٴقف واضح ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہیں، ایم کیو ایم والے دوست ہیں آئندہ بھی ساتھ چلیں گے۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مفاہمتی پالیسی اور اہم قومی ایشوز پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی پالیسی جاری رہے گی، ارکان پارلیمنٹ عوام کی داد رسی کیلئے ان کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے قطع تعلق جمہوری آپشن نہیں، سلالہ حملے نے تعلقات پر نظر ثانی پر مجبور کیا۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ انہیں اس بات سے غرض نہیں کہ سیاسی میدان میں کیا حاصل کرتے ہیں، لوگ بجلی کی کمی پر قابو پانے میں کامیابی سے ہماری کارکردگی کا اندازہ لگائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری سے حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ شاہ پیر پگارا نے بھی ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال سمیت پیپلز پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل تعلقات اور آئندہ انتخابات سے متعلق گفتگو کی۔

مزید خبریں :