25 جنوری ، 2016
کراچی......کراچی ملک کو سب سے زیادہ آمدنی فراہم کرنے والا شہر ہے،اس کے صنعتی زونز سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے لیکن ان زونز تک روزانہ سفر کرنا اتنا آسان نہیں کیونکہ یہاں تک جانے والے واحد نیشنل ہائی وے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
روشنیوں کا شہر کراچی دنیا میں پاکستان کی پہچان ہے، یہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے صنعتی زونز کی جانب جانے والی واحد شاہراہ نیشنل ہائی وے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
ملیر15 سے اسٹیل ٹاؤن تک 15کلومیٹر کی یہ سڑک جگہ جگہ سے اکھڑ چکی ہے۔ ہیوی ٹریفک کی وجہ سے سڑک پر پڑنے والے گڑھے جہاں آئے روز حادثات کا سبب بنتے ہیں وہیں روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں افراد بھی اذیت کا شکار ہوتے ہیں، گڑہوں کے باعث ٹریفک جام بھی روز کا معمول ہے ۔ بن قاسم انڈسٹریل زونز کا دورہ کرنے والے کئی غیر ملکی مندوبین اور سرمایہ کار اس صورتحال سے کوئی اچھا تاثر لے کر نہیں جاتے۔
نیشنل ہائی وے صرف کراچی کے اہم صنعتی زونز کیلئے ہی اہم نہیں بلکہ یہ ضلع ٹھٹھہ،سجاول، بدین اور تھرپارکر سفر کا واحد ذریعہ بھی ہے، تھرپارکر میں کول پروجیکٹ پر کام کرنے والے غیر ملکی بھی اکثر یہی راستہ استعمال کرتے ہیں۔
سڑک کی تباہی غیر ملکیوں کے ذہن پر شہر اور حکمرانوں کے لئے کوئی اچھا تاثر نہیں چھوڑ رہی، شاید یہ سڑک اس وقت تک تعمیر نہ ہو جب تک کوئی بڑا حادثہ حکمرانوں کو نہ جگائے۔