26 جنوری ، 2016
کراچی.....سندھ ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ کمپنی کے نو ملازمین کی درخواست ضمانت کی سماعت ڈی جی ایف آئی اے سندھ کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر تعینات کرنے کے لئے مہلت طلب کرنے پر گیارہ فروری تک ملتوی کردی ۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق شاہ نے ایگزیکٹ کمپنی کے نوملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ دوران سماعت ڈائرکٹر جنرل ایف آئی اے سندھ شاہد حیات نے عدالت سے 2 ہفتے کہ مہلت طلب کرتے ہوئے بتایا کہ اسپیشل پبلک پروسیکیوٹر بیرسٹر زاہد جمیل کیس سے الگ ہوگئے ہیں، نئے اسپیشل پبلک پروسیکیوٹر کی تعیناتی کے لیے وقت درکار ہے ۔
جسٹس فاروق شاہ نے ایف آئی اے کو دوہفتے میں پراسیکیوٹر مقرر کرنے کی آخری مہلت دیتے ہوئےسماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
ایگزیکٹ کے ملازم ذیشان انور، عدنان صبور، رضوان ، مراد اور دیگر نے سیشن کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت کی دراخوست دائر کر رکھی ہے۔ملزمان پر جعل سازی، دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔