02 جون ، 2012
قاہرہ… مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کومظاہرین کی ہلاکت کے احکام ات دینے پر عمر قید کی سزا سنادی گئی۔ قاہرہ میں عدالت کے جج احمد رفعت نے سابق وزیر داخلہ حبیب العدلے کو بھی عمر قید کی سزا سنائی۔ دونوں پر صدر حسنی مبارک کے خلاف تحریک کے دوران مظاہرین کو قتل کر نے کے احکامات دینے کے علاوہ کرپشن کا بھی الزام تھا۔ عدالت نے حسنی مبارک کے بیٹوں اور 6دیگر اعلی افسران کے خلاف الزامات خارج کردئے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ مقدمہ کا فیصلہ سنتے ہی عدالت میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی ، لوگوں نے اللہ و اکبر کے نعرے لگائے۔ حسنی مبارک کوعدالت میں اسپتال سے اسٹریچرپر لایا گیا ،سزا سننے کے بعد وہ خاموش رہے اور انہیں فوراً ہی وہاں سے لے جایا گیا۔ سابق مصری صدر کے خلاف مقدمے کے فیصلے کے موقعے پر قاہرہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ہزاروں فوجی دارالحکومت کی سڑکوں اور گلیوں میں تعینات کئے گئے تھے ،، فیصلے کی عدالتی کارروائی مصری ٹی وی پر براہِ راست نشر کی گئی۔