08 فروری ، 2016
کراچی......پی آئی اے کے 7روز سے جاری احتجاج کے باعث مسافر ہلکان،تو حکومت پریشان، مگر نجی ایئرلائنز کی موجاں ای موجاںہوگئی جنہوں نے اندرون ملک فلائٹس کے کرایوں میں سو فیصد اضافہ کردیا ہے۔
پی آئی اے زمین پر آگئی، جبکہ نجی ایئرلائنوں کے نخرے آسمان پر پہنچ گئے ہیں، بحران کے بعد ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں اندھیر مچا تو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے نجی ایئرلائنوں کو کرائے نہ برھانے کی ہدایت کی تھی مگر یہ حکم بھی پی آئی اے کے طیاروں کی طرح گراؤنڈ کردیا گیا۔
پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے باعث ایک ہفتے میں تقریباً 700 پروازیں منسوخ کیا ہوئیں، نجی ایئرلائنز کی موجیں ہو گئیں۔
شاہین اور ایئربلو نے پی آئی اےکے فضائی آپریشن معطل ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بار پھر اپنے کرایوں میں سو فیصد اضافہ کر دیا،کراچی سے اسلام آباد اور لاہور جانے والی پروازوں کا یکطرفہ کرایہ 19 ہزار کر دیا گیا ہے۔
پی آئی اے ملازمین کے احتجاج سے قبل شاہین کا کرایہ 7سے 8ہزار روپے تھا۔ایئر بلو نے کرائے بڑھانے کے بعد اپنی ویب سائٹ کو بھی فنی خرابی کا بہانہ بنا کر بند کر دیاہے۔
مسابقی کمیشن نے بھی فضائی کمپنیوں کو نرخ نہ بڑھانے کی ہدایت کی تھی لیکن جہاں زیادہ سے زیادہ نفع کمانا ہی سب سے بڑی مسابقت ہو، وہاں جائز اور ناجائز کا خیال کون رکھے؟