26 مئی ، 2025
غزہ کے اسکول پر اسرائیل نے رات گئے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 25 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو اسرائیل کی جانب سے غزہ کے فاہمی الجرجاوی اسکول جس میں بے گھرافرادنے پناہ لے رکھی تھی، پر بمباری کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں شہادتیں ہوئیں۔
سول ڈیفنس کی ٹیم اب بھی اسکول کے اندر موجود ہے، حملے میں 25 فلسطینیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سول ڈیفنس کے حکام کے مطابق اسکول کا تقریباً آدھا حصہ تباہ ہو گیا اور بمباری نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ابھی بھی کئی افراد ملبے تلے تبے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
غزہ کے حکام نے عالمی برادری سے اسرائیلی جنگی جرائم رُکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے اسرائیل کے مرکزی بین گوریون انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے میزائل کو ہوا میں ہی تباہ کر دیا۔