10 فروری ، 2016
راولپنڈی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو غیر ملکی ایجنسیاں فنڈنگ کرتی ہیں، ملک کے اندر سہولت کار پناہ دیتے ہیں۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈرز کانفرنس میں مزید کہا کہ دشمن کے مکروہ ارادوں کو شکست دے کر ارض پاک کو دہشت گردی سے پاک کر دیں گے،متحد اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے،اس جنگ میں قوم کا عزم اور سیکیورٹی اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں ہمارا حقیقی اثاثہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی داخلی اورخارجی سلامتی کی صورتحال، افغان مفاہمتی عمل اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں اب تک نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک پیچیدہ جنگ ہے جس میں ثابت قدم اور متحد رہتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پاکستان میں پائیدار امن لے آئیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ عارضی طور پر بے گھر افراد کی باعزت اور بروقت واپسی یقینی بنائی جائے۔ آرمی چیف نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پائیدار امن واستحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیےبھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔