14 فروری ، 2016
کراچی ......سندھ میں مردم شماری کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے تحت آل پارٹیز کانفرنس 21فروری کو وزیر اعلی ہاوس میں ہو گی، جس میںشرکت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے دئیے جائیں گے۔
وزیر اعلی ہاوس سے جاری بیان کے مطابق مردم شماری کے سلسلے میں بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی اجلاس سینیٹر تاج حیدر کی زیر صدارت میں ہوا،جس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ ، ڈاکٹر سکندر میندرو ،پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم سمیت رہنماوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آل پارٹیز کانفرنس 21 فروری بروز اتوار صبح 11بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہوگی، جس میں ہر سیاسی جماعت کے تین تین نمائندوں کو مدعو کیاجائے گا۔
اس سلسلے میں کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں ہیں، حیدر آباد میں موجود سیاسی قائدین کو مولا بخش چانڈیو ،جام خان شورو اور قاضی اسد عابد دعوت نامے پہنچائیں گے ۔
کراچی میں تاج حیدر ناصر شاہ ، ڈاکٹر سکندر میندرو، وقار مہدی ، نجمی عالم، راشد ربانی، لعل بخش بھٹو اور ندیم بھٹو سیاسی قائدین کو دعوت نامے پہنچائیں گے۔