16 فروری ، 2016
بیت المقدس .......اسرائیلی فوجیوں کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جانے کا سلسلہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے، جس پر مذمتی الفاظ کے علاوہ نہ تو اقوامِ متحدہ کوئی ایکشن لیتی ہے، نہ ہی عالمی طاقتیں اسرائیل کی بربریت کو روکنے کیلئے اقدامات اُٹھاتی ہیں۔
آئے دن دل دہلا دینے والے واقعات انسانیت کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہیں تاہم مسئلہ جوں کا توں ہے،گزشتہ روز منظرِ عام پر آنیوالی ایک ویڈیو میں تو ظلم و ستم کی انتہا ہی ہو گئی، جب وہیل چیئر پر بیٹھے ایک معذور فلسطینی نوجوان کو بھی اسرائیلی فوج نے نہ بخشا اوروہیل چیئر سے گھسیٹ کر دھکا دیااور زمین کر گِرا دیا۔
مغربی کنارے پر قابض اسرائیلی فوجیوں کی بربریت پر مبنی یہ ویڈیو ایک فلسطینی شہری نے ریکارڈ کی، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ صیہونی فورسز کی درندگی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے وہیل چیئر سے معذور نوجوا ن کودھکا دے کر نیچے گرا یا گیا۔
معذور نوجوان کو نیچے گرتا دیکھ کر قریب موجود فلسطینی مدد کو آئے تو اسرائیلی فوج نے ان پر فائرنگ شروع کر دی ۔ فوٹیج کے منظر عام پر آنے کے بعد اسرائیل نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔