04 جون ، 2012
پشاور … موٹر وے ٹول پلازہ پر امریکی سفارتخانے کی 2 گاڑیاں اسلحہ موجود ہونے پر روک لی گئیں، امریکی قونصل جنرل اسٹیسی لیون کارٹر بھی گاڑی میں موجود ہیں، تاہم امریکی قونصل جنرل سے سیکیورٹی حکام کے مذاکرات کے بعد گاڑیوں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق موٹر وے ٹول پلازہ پر غیر ملکیوں کی دو گاڑیوں کو روکا گیا تلاشی لینے پر غیر ملکیوں سے اسلحہ برآمد ہوا جس پر دونوں گاڑیاں مزید تفتیش کیلئے روک لی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیوں کو اسلحہ رکھنے پر روکا گیا ہے، قانون کے مطابق غیر ملکیوں کو اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی قونصل جنرل میری رچرڈ سے ملاقات کے بعد گاڑیاں واپس جارہی تھیں ، ان گاڑیوں میں امریکی نائب قونصلر اسٹیسی لیون کارٹر بھی موجود ہیں جبکہ دوسری گاڑی میں سفارتکار وینسٹ کپوڈسی اور ایڈمن ٹیکنیکل اسٹاف ٹموتھی ڈینیئل ہیں۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق امریکی قونصل جنرل اور سیکیورٹی حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد گاڑیوں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔