پاکستان
23 فروری ، 2016

نازک تاریخی موڑ پر آرمی چیف کا توسیع نہ لینے کا اعلان قبل از وقت ہے،زرداری

نازک تاریخی موڑ پر آرمی چیف کا توسیع نہ لینے کا اعلان قبل از وقت ہے،زرداری

کراچی ...... پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ قومی تاریخ کے نازک موڑ پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا توسیع نہ لینے کا اعلان قبل ازوقت ہے، سیاسی معاملات، احتساب یا دوسرےامورمیں فوج کا ممکنہ کردار تلاش کرنا مناسب نہیں،فوج کی جدوجہداور قربانیوں کو سیاسی اختلافات اور موقع پرستی کی نذ ر نہیں کرنا چا ہیے۔

ایک بیان میں ان کا کہناتھا کہ اندرونی اور بیرونی دشمن مل کر ملکی سلامتی ، امن اور قومی ترقی کو بدترین خطرات سے دوچار کررہے ہیں، ایسے میںضرورت اس امر کی ہے کہ نازک موقع پرذاتی اعتراض ، سیاسی مصلحتوں اور ہر قسم کی انا یا خودپرستی کو بالائے طاق رکھ کر قوم اور سیاسی قوت مسلح افواج کے شانہ بشانہ یک جان ہو کر دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں ۔

پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین کا کہناتھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ’آپریشن ضرب عضب‘ کا آغاز کیا توملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں نمایاں کامیابی ملی، مسلح افواج قومی جدوجہد کا ہر اول دستہ ہیں اورقوی امید ہے کہ جنرل راحیل کسی بے خوف اور مدبرانہ قیادت میں بہت جلد یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔

آصف زرداری نے مزیدکہا کہ گزشتہ دنوں میں چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف کا اپنے منصب کے دورانیے میں توسیع نہ لینے کا عندیہ دیا جو جاہ ومنصب سے عدم دلچسپی ، خاندانی پس منظر ، پیشہ وارانہ ررویہ لائق تحسین اور قابل تعریف ہے ، تاہم ہم بجا طور پر سمجھتے ہیں کہ قوم کےنازک موڑ پر جنرل راحیل کا اعلان قبل از وقت ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد ہے اور کامیابی کی متمنی ہے اس اعلان سے عوام کی امید، مایوسی میں بدلنے کا امکان ہے ۔

سابق صدر نے کہاکہ معروضی حالات اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی قیادت کو قومی مفاد اورملکی سلامتی کے تناظر میں وقت آنے پر فیصلہ کرنا چاہیے ،فوج کی شاندار فتوحات کو سیاسی اختلافات اور موقع پرستی کی نذ ر نہیں کرنا چاہیے قومی لائحہ عمل کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ، قوم اور فوج کا مشترکہ عزم اور مصمم ارادہ ہونا چاہیے ۔ پوری قوم اور پیپلزپارٹی فوج کے شانہ بشانہ اس عظیم جدوجہد میں دل و جان سے شریک ہے۔

مزید خبریں :