05 جون ، 2012
کراچی… کراچی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں تین افراد ہلاک اور 7 افراد زخمی ہوگئے،جبکہ سرجانی ٹاوٴن کے علاقے سے ایک خاتون کی ٹکڑوں میں لاش ملی۔ علاقے لیاری میں رینجرز نے کالعدم امن کمیٹی کے رہنما عزیر جان بلوچ کے گھر پر اور اطراف کے علاقے میں چھاپے مار کر 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق پی آئی بی کالونی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے سی آئی ڈی آپریشن میں تعینات پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو قتل کردیا،مقتول کی شناخت علی حسن کے نام سے ہوئی ہے۔ سرجانی ٹاوٴن کے علاقے گلشن شیراز کی کچرا کنڈی سے ایک خاتون کی کٹی ہوئی لاش ملی،جس کے سر اور ٹانگیں بھی نہیں ہیں۔ ادھر کھارا در کے علاقے کامل گلی میں مدد گار ون فائیو کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے دو اہل کار زخمی ہوگئے لیاری کے علاقے کلری سے ایک شخص کی ہاتھ پاوٴں بندھی لاش ملی۔ مقتول کو اغوا کرکے تشدد کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔ بلدیہ ٹاوٴن میں فائرنگ سے 50 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب رینجرز کی جانب سے لیاری کے علاقوں سنگولین ، میراں ناکہ اور سید آباد میں رات گئے چھاپے مارے۔ سنگولین میں کالعدم امن کمیٹی کے رہنما عزیر جان بلوچ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ سندھ رینجرز کے کرنل شفیق نیازی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ رینجرز کی کارروائی ختم ہونے کے بعد لوگ گھروں سے نکل آئے ، ان کا کہنا تھا کہ پکڑے گئے افراد بے گناہ ہیں۔