28 فروری ، 2016
لاہور ......کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن نے پنجاب ریونیواتھارٹی کی طرف سے عائد کردہ ٹیکس سے متعلق اپنے لائحہ عمل کو وزیراعلیٰ پنجاب سے کل ہونے والے مذاکرات سے مشروط کردیا۔
پنجاب کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن کا کنونشن لاہور میں ہوا، جس میں پنجاب بھر سے کیبل آپریٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، کنونشن میں شریک کیبل آپریٹرز کی اکثریت نے پنجاب حکومت کی طرف سے عائد کیے گئے ٹیکس کی مخالفت کی۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کیپٹن ریٹائرڈ عبد الجبار،ملک فرقان اور چوہدری طاہر جاوید نے کہا کہ کیبل آپریٹرپسا ہوا طبقہ ہے ،وہ پہلے ہی کئی ٹیکس ادا کررہے ہیں، حکومت کنسٹرکشن ، آئی ٹی اوراسکولوں کالجوں کی طرح انہیں بھی ٹیکس نیٹ سے نکالے۔
کیبل آپریٹرز کے سینئر صدر کیپٹن ریٹائرڈ عبد الجبار نے کہا کہ کیبل آپریٹرز اپنی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں، دوسرے صوبوں کے کیبل آپریٹرز نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،پنجاب کے کیبل آپریٹرز پیر کے روز وزیر اعلی پنجاب سے مذاکرات کے بعد اپنے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے ۔