07 جون ، 2012
اسلام آباد. . . .سپریم کورٹ نے کوہستان میں شادی کی تقریب میں لڑکوں کے رقص پر تالیاں بجانے والی تمام لڑکیوں کو آج عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ تقریب کے دوران رقص کرنے والے دو نوجوانوں گل نذر اور بن یاسر کو کل عدالت کے سامنے پیش کر دیا گیا۔عدالت عظمیٰ نیشام چھ بجے تک انتظار کیاتاہم متاثرہ لڑکیوں کو پیش نہیں کیا جا سکا۔ ہوم سیکرٹری خیبر پختونخوا نے بتایا کہ موسم کی خرابی کے باعث لڑکیوں کو بذریعہ ہیلے کاپٹر اسلام آباد نہیں لایا جا سکا۔ ویڈیو میں رقص کرتے نظرآنے والے لڑکے بن یاسر اور گل نذر کا کہناتھاکہ جرگے کے حکم پر پانچ لڑکیوں کو قتل کردیا گیا ہے۔اٹارنی جنرل اور ہوم سیکرٹری کے پی کے نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ لڑکیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ مشیر داخلہ رحمان ملک بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اس کیس میں عدالت کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔مقدمے کی سماعت آج پھر ہوگی۔