پاکستان
10 مارچ ، 2016

کے ایم سی کی نارتھ کراچی میں تجاوزات کیخلاف کارروائی

کے ایم سی کی نارتھ کراچی میں تجاوزات کیخلاف کارروائی

کراچی...... بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز میں تجاوزات کے خلاف بھر پور کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں جبکہ ایک شادی ہال کو سیل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بلال منظر کی نگرانی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے سیکٹر 11-B نارتھ کراچی میں فلاحی مقاصد کیلئے مختص پلاٹ ( ایمینیٹی پلاٹ) پر قائم غیرقانونی تجاوزات کا خاتمہ کردیا جس کی درخواست علاقہ مکینوں اور قریبی امام بارگاہ کی طرف سے کی گئی تھی۔

اس کارروائی میں بھاری مشینری ، شاول، ایکس کیویٹر کے ذریعے عمل میں لائی گئی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یونس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد اور انسداد تجاوزات کا عملہ بھی موجود تھا۔ ، دریں اثناء محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے ایس ٹی 2 ، سیکٹر 11-B نارتھ کراچی میں قائم 400 گز کے غیرقانونی شادی ہال کو سیل کردیا جبکہ ایس ٹی نمبر 14 ، سیکٹر 9 نارتھ کراچی میں 1000 گز پر قائم غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی چار دیواری اور اندرونی دیواروں کو بھی مسمار کردیا۔

اس کے علاوہ محکمہ انسداد تجاوزات نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 11-G کچی آبادی میں کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر تعمیر کردہ مکان کو مسمار کردیا۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بلال منظر نے کہا کہ رہائشی و صنعتی علاقوں میں واقع تجاوزات شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں تاہم بتدریج مختلف علاقوں سے ان کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک شہر کے کئی گنجان آباد علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ سے تجاوزات ایک بار ہٹائی جاچکی ہیں ان علاقوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے تاکہ وہاں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوسکیں جس کا مقصد کراچی کے ہر حصے میں زمین پر ناجائز قبضے اور تجاوزات کے قیام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ۔

مزید خبریں :