12 مارچ ، 2016
اسلام آباد…ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، کئی شہروں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں سے کئی مقامات کی رابطہ سڑکیں تباہ اور درجنوں کچے مکانات گرگئے ہیں ، حب کی پھلیلی ندی میں طغیانی کے باعث انتظامیہ نے ریڈ الٹ جاری کردیا ۔ادھرلینڈ سلائیڈنگ سے کوہستان میں ثمر نالے کے قریب شاہراہ قراقرم بند ہو گئی ہے۔
موسم کی تازہ ترین صورتِ حال کے مطابق ملک کے اکثر بالائی اور وسطی علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں،بلوچستان کے کئی علاقوں میں پانچویں روز بھی بارشیں ہورہی ہیں ،بارشوں سے متعدد رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور آمد و رفت میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔حب کے بارش کے باعث اوتھل کی پھلیلی ندی میں طغیانی ہے اورطغیانی کے باعث انتظامیہ نے ریڈ الٹ جاری کردیا ۔
پنجاب میں کچھ مقامات پر بارشیں جاری ہیں ۔بھکر میں چھت گرنے سے 2بچوں سمیت 3افراد زخمی ہوگئے ۔
خیبر پختونخوا کے بھی زیادہ ترعلاقوں میں بارشوں سے موسم سرد ہوگیا ہے ، لینڈ سلائیڈنگ سے کوہستان میں ثمر نالے کے قریب شاہراہ قراقرم بند ہو گئی ہے، مانسہرہ اور بٹگرام کے بالائی پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائڈنگ ہوئی ہے ۔سوات، لوئر دیر ، مالاکنڈ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
آزاد کشمیر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری اور مظفر آباد شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم کافی خوشگوار ہوگیا ہے، گلگت بلتستان کے ضلع غذر ، دیامر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت برقرار ہے ۔
گزشتہ روز شمالی بلوچستان اور پنجاب کے شہروں میں مختلف حادثات پیش آئے، جس میں 11افراد جاں بحق اور 4 بچیوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔