12 مارچ ، 2016
کراچی.......بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تعلق سمیت ایم کیو ایم پر سنگین الزامات لگانے والے مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے مجھ سے ابھی تک رابطہ نہیں کیاہے۔
پاکستانی تاجر سرفراز مرچنٹ نےتصدیق کردی ہے کہ ایف آئی اے نے ایم کیو ایم پر الزامات کے حوالے سے اُن سے رابطہ کیا ہے، تاہم مصطفیٰ کمال نے ایف آئی اے حکام کی جانب سے رابطہ کرنے کی اطلاعات رد کردی ہیں، جیو نیوز سے غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ فی الحال ایف آئی اے نے رابطہ نہیں کیا، جو کچھ کہا، سب کے سامنے کہا، اس حوالے سےکوئی رابطہ کرے گا تو پھر بات کریں گے ۔
کراچی کے سابق ناظم نے اپنے حق میں چاکنگ کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی دیواریں خراب نہ کریں، کیونکہ وہ دیواروں پرنہیں، عوام کے دِلوں پر راج کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی ایک اور پریس کانفرنس کریں گے۔