پاکستان
22 مارچ ، 2016

اپوزیشن کا پی آئی اے سے متعلق بل کی مخالفت کا فیصلہ

اپوزیشن کا پی آئی اے سے متعلق بل کی مخالفت کا فیصلہ

اسلام آباد…اپوزیشن جماعتوں نے آج ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پی آئی اے سے متعلق بل کی مخالفت کا فیصلہ کر لیا، شیخ رشید کہتے ہیں کہ بل کی بھر پور مخالفت کریں گےجبکہ اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کو مسترد کرتے ہیں۔

خورشید شاہ کی زیر صدارت متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ۔ جس میں پی آئی اے سے متعلق بل کی منظوری کے معاملے سمیت ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا ۔

اجلاس کے بعد شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے پی آئی اے بل کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہےجبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کو مسترد کرتے ہیں،پرویز مشرف کے معاملے پر جھوٹ بولنے اور غلط بیانی کرنے پروفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے۔

دوسری جانب سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ پی آئی اے کا بل آج ہی مشترکہ اجلاس میں لائیں گے۔ امید ہے پی آئی اے سمیت تمام امور خوش اسلوبی سے حل ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :