24 مارچ ، 2016
لندن.........برطانوی عدالت کے جج نے میڈونا اور ان کے شوہر گے رچی سے 15 سالہ عدالتی جنگ کے عذاب سے باہر نکالنے کی اپیل کردی۔
گلوکارہ میڈونا اور ان کے شوہرکے درمیان 2008ءمیں طلاق ہوگئی تھی اور امریکی عدالت نے 15 سالہ بیٹے کی نگہداشت کے حقوق اس کی ماں میڈونا کو دیئے تھے تاہم ان کا بیٹا روکو گزشتہ سال لندن میں اپنے باپ سے ملنے کے بعد واپس نیو یارک نہیں آیا جس پر میڈونا نے ایک بار پھر بچے کی تحویل و نگہداشت کا مقدمہ اس بار لندن کی عدالت میں درج کرایا۔س
گزشتہ روز عدالتی سماعت میں دونوں پیش نہ ہوئے۔ عدالت کے جج جسٹس ایلسٹر میک ڈونلڈ نے میڈونا کی طرف سے مقدمے کی سماعت برطانیہ میں ختم کرنے کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ان سے کہا کہ بچے کو عدالتی جنگ کے عذاب سے باہر نکالیں اور دونوں والدین باہمی رضا مندی سے اس مسئلہ کا حل نکالیں۔
جج نے کہا کہ والدین بچے کی عمر کے اس حصے کے قیمتی دن عدالت میں نہ جھونکیں اور اس کے جذبات کا احترام کریں۔ نیو یارک کی عدالت نے بھی میڈونا اورگے رچی کو معاملے کو حل کرنے کے لئے تین ماہ دیتے ہوئے مقدمے کی سماعت کی تاریخ یکم جون دی ہے۔