08 جون ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چارسدہ روڈپرسرکاری ملازمین کی بس کے قریب ریموٹ کنڑول بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے معصوم عوام کو خاک و خون میں نہلایاجارہا ہے اور جو سفاک دہشت گرد معصوم و بے گناہ لوگوں کی جان و مال سے کھیل رہے ہیں وہ ملک و قوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہیدہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردو س میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا فرمائے ۔ الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ،وفاقی مشیر داخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی سے مطالبہ کیا کہ چار سدہ روڈ پر سرکاری بس کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے، عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے اور بم دھماکوں کی مذموم کارورائیوں میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے ملک بھر کے عوام، ماؤں ،بہنوں ،بزرگوں ،نوجوانوں اورایم کیوایم کے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ شیخ رشید کی جلد ومکمل صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کریں ۔جبکہایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے لندن سے ٹیلی فون پر شیخ رشید سے رابطہ کرکے ان کی عیادت کی اور قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن فیاض حسین کی اہلیہ اسماء فیاض کی علالت پر گہری تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے ان کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔ایک بیان میں الطاف حسین نے حق پرست ماؤں ، بہنوں ، بزرگوں ، نوجوانوں اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ اسماء فیاض کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا ئیں کریں ۔