29 جنوری ، 2012
دمشق … شام میں فوجی قافلوں پر حملوں اور جھڑپوں میں 16 فوجی اور 3 شہری ہلاک ہوگئے۔ 6 روز کے دوران مرنے والوں کی تعداد 229 ہوگئی ہے۔ سیرین اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس(Syrian Observatory for Human Rights) کے مطابق ادلیب صوبے کے شمال مغربی علاقے جبل الزاویہ میں کنسافرا کے مقام پر فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 10 فوجی مارے گئے۔ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دمشق کے نواحی علاقے صحنایا میں بھی فوجیوں کو لے جانے والی بس پر حملہ کیا گیا۔ اس کارروائی میں 2 افسروں سمیت 6 فوجی ہلاک ہوئے۔ شامی کارکنوں کا کہنا ہے کہ الغوطہ کے علاقے میں شامی فوج اور حکومت مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 3 شہری بھی مارے گئے۔ منگل سے اب تک شام میں جھڑپوں کے دوران 229 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 145 شہری بھی شامل ہیں۔