27 مارچ ، 2016
لاہور......لاہور کے گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکا کرنے والے مبینہ حملہ آور کا شناختی کارڈ مل گیا، اعلیٰ حکام کہتے ہیں کہ اس سلسلے میں فوری طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، تحقیقات جاری ہیں ۔
نام، محمد یوسف ولد غلام فرید،تاریخ پیدائش یکم جنوری 1988،شناختی علامت بائیں رخسار پر تل جبکہ پتہ مظفر گڑھ ہے،یہ گلشن اقبال پارک لاہور کے مبینہ خودکش حملہ آور کی تفصیلات ہیں ۔دھماکے کی جگہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک جلا ہوا شناختی کارڈ ملا ہے جو مبینہ خودکش حملہ آور کی لاش کے قریب پڑا ہوا تھا۔
ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ شناختی کارڈ خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہےتاہم ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈ کی تفصیلات اکٹھی کر رہے ہیں،ابھی حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ شناختی کارڈ مبینہ دہشت گرد کا ہی ہے۔