29 جنوری ، 2012
نئی دہلی … محبت کی یادگار تاج محل کا رنگ زرد پڑنے لگا، عمارت میں دراڑیں پڑنے کاخدشہ ہے جبکہ اس کاایک مینار بھی معمولی سا جھک گیا ہے، مگر ابھی دیگر میناروں سے بلندی میں فرق نہیں آیا۔ آگرہ یونیورسٹی کے انوائرمینٹل ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر کے ایس رانا کاکہنا ہے کہ تاریخی یادگار تاج محل کا ایک مینار تقریباً 4 سینٹی میٹر جھک گیا ہے جس کی وجہ دریائے جمنامیں پانی کی کمی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیاکہ تاج محل کوزلزلہ پروف بنانے کے لئے اس کے پلر زیرزمین پانی کی سطح پر لکڑی کے تختوں پرکھڑے کیے گئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمنا میں پانی کی کمی سے تاج محل کی عمارت کو شدیدنقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ آرکیالوجی سروے آف انڈیا نے سپریم کورٹ میں ایک تحریری حلفی بیان بھی جمع کرایا ہے کہ تاج محل کاایک مینار 3.57 سینٹی میٹرجھک گیا ہے۔ مغل شہنشاہ شاہ جہاں کی 17ویں صدی میں تعمیر کردہ تاج محل دنیا بھر میں محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے جہاں روزانہ 20 ہزار سیاح آتے ہیں اور بھارت کو کروڑوں روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔