09 جون ، 2012
کراچی ... کراچی میں سپرہائی وے سے متصل الآصف اسکوئر کے قریب مسلح ملزمان نے گھات لگاکر فائرنگ کرکے رکشے میں سوار چار افراد کو قتل کردیا،فائرنگ کرنے والے تمام حملہ آور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سپرہائی وے سے متصل الاصف اسکوائر کے قریب واقع افغان بس اڈے کے قریب رکشے میں جانے والے چار افراد پر مسلح افراد نے گھات لگا کرفائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ رینجرز ذرائع کے مطابق مقتولین کو کلاشنکوف برسٹ چلا کر قتل کیا گیا ہے،اور مرنے والے چاروں افراد کو ایک سے زائد گولیاں لگی ہیں۔فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔اہلخانہ نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والے چاروں افراد کا تعلق جنوبی وزیرستان کے مسعود قبائل سے تھا ،جو کراچی میں سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی کے رہائشی تھے،اہلخانہ کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 25 سالہ خیر عالم مسعود اس کا بھائی 34 سالہ محمد عالم مسعود انکا چچا زاد بھائی 22 سالہ شیر عالم مسعود اور 40 سالہ ارشد مسعود شامل ہیں،ارشد مسعود علاقائی تنظیم انصاف امن کمیٹی کے عہدیدار بھی تھا۔