26 مئی ، 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج جیسی متحرک اور پرعزم فوج کی کمان پر فخر ہے، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز ابھی ختم نہیں ہوئے، دنیا کی کوئی فوج پاک فوج کی طرح کامیابیاں نہیں سمیٹ پائی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے عملی کاروائیاں کیں، پھر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آگے بڑھے،اب چن چن کر دہشت گردوں اورسہولت کاروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں،آپریشن ضرب عضب ایسے آگے بڑھ رہا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دنیا کی کوئی فوج پاکستان آرمی کی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مثبت ثمرات حاصل نہیں کر پائی، ایسی متحرک اور عزم و ہمت سے بھرپور فوج کی کمان پر فخر ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پرامن اور خوشحال پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے ابھی اور کام کرنا ہے، پاکستان دہشت گردی اور شدت پسندی کے عالمی مسئلے سے لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ایک روزہ دورے کے دوران آرمی چیف نے سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔