09 جون ، 2012
ماسکو…امریکہ نے افغانستان میں اتحادی فورسز کو اسلحہ کی فراہمی کیلئے روس سے رابطہ کر لیا۔ روسی میڈیا کے مطابق اسلحہ برآمد کرنے والی روس کی سرکاری کمپنی ”روس ابرون ایکسپورٹ“ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ امریکی دفاعی کمپنیوں نے افغانستان میں ایساف کو جدید ایمونیشن اور اسلحہ کی فراہمی کیلئے ان سے رابطے کر لئے ہیں۔ روس سے اسلحہ کی خریداری کیلئے امریکا کا ماسکو سے یہ پہلا رابطہ ہے۔ امریکی کمپنیوں نے سابق سوویت ریاستوں سے غیر معیاری اسلحہ فراہمی کی شکایت کی تھی، جس کے بعد انہوں نے روس سے براہ راست اسلحہ حاصل کرنے کیلئے رابطے کا فیصلہ کر لیا۔ امریکی کمپنیوں نے روس کو اسلحہ فراہمی کے ٹینڈر میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ روس کو ایساف کیلئے اسلحہ فراہمی کی دعوت والی امریکی کمپنیوں میں ایلینٹ ٹیک سسٹم ای ایل ایس، چمرنگ آرڈیننس، جنرل ڈائنامکس آرڈیننس اینڈ ٹیکنیکل سسٹم، بلاوا ٹیکنالوجیز گروپ اور آرما گلوبل کارپوریشن شامل ہیں۔ روسی کمپنی نے ایمونیشن اور دیگر فوجی ساز و سامان کی فراہمی پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔