09 جون ، 2012
مقبوضہ بیت المقدس… اسرائیلی جیل کے باہر انسانی حقوق کی سرگرم ارکان نے بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دو فلسطینی قیدی محمود سرسک اور اکرم ریغاوی اسرائیلی جیل میں بے گناہ قید ہیں ۔ ان فلسطینی قیدیوں نے بغیر الزام کے قید میں ڈالنے پر بھوک ہڑتال کررکھی ہے ۔ گذشتہ روز انسانی حقوق کے سرگرم اراکین اور ان قیدیوں کے اہلخانہ نے جیل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ محمود سرسک فٹ بال کا سابق کھلاڑی ہے جس نے اسرائیلی ڈیل کے باوجود بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے اور وہ گذشتہ 86دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہے۔ محمود سرسک کی والدہ ام عبدالعزیزسرسک نے اس موقع پر اسرائیلی حکومت سے سوال کیا کہ اسے اس کے بیٹے کا جرم بتایا جائے اور یہ بھی بتایا جائے کہ اسے مزید کتنے عرصے تک قید رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ مئی میں 16ہزار بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اسرائیلی حکومت نے ڈیل کی تھی جس کے بعدان قیدیوں نے ہڑتال ختم کردی تاہم محمود سرسک کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت تک بھوک ہڑتال ختم نہیں کرے گا جب تک اسے اس کا جرم نہیں بتایا جاتا۔