09 جون ، 2012
ایتھنز … یونان میں ہزاروں افراد نے نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ کیا اور تارکین وطن کی مخالف گولڈن ڈان پارٹی پر پابندی کا مطالبہ کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نسل پرستی کے خلاف احتجاج گولڈن پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ کی طرف سے پرتشدد رویہ اختیار کرنے کے رد عمل میں سامنے آیا ہے۔ گولڈن پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے ایک مباحثے کے دوران ایک خاتون کمیونسٹ سیاستدان پر پانی پھینکا اور پھر اسے تھپڑ مارا تھا۔ ذرائع کے مطابق نسل پرستی کے مخالفین کئی ہفتوں سے اس مظاہرے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ تاہم اس واقعے کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین میں بڑی تعداد پاکستانی تارکین وطن کی تھی جنہوں نے نسل پرستی کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ اس واقعے پر یونان کے دیگر شہریوں میں بھی نسل پرستی کے خلاف مظاہرے ہوئے۔