06 جون ، 2016
سری لنکن فوج کے ایک فوجی کیمپ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ سری لنکن فوج نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز اتوار کی شام میں ایک فوجی کیمپ میں لگنے والی آگ نے اسلحے کے ذخیرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
فوج کے ترجمان بریگیڈئر جیاناتھ جیاویرا نے بتایا کہ آگ کوسگاما علاقے میں قائم سالاوا کیمپ میں لگی ہے۔ ترجمان کے مطابق آگ کے بعد کیمپ میں کئی دھماکے بھی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ کے مقام تک فائر بریگیڈز کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ فوج کے اہلکار قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سالاوا کیمپ کی جانب جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ کوسگاما کا قصبہ دارالحکومت کولمبو سے مشرق میں 35 کلو میٹر کی مسافت پر کیلانی وادی میں واقع ہے۔